عمران خان نیب کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، شہباز شریف کا الزام

عمران خان نیب کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، شہباز شریف کا الزام
کیپشن: گزشتہ روز کی بلاوجہ کی کارروائیوں نے بے شمار زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلا وجہ کارروائی نے بے شمار زندگیوں کو آج خطرے میں ڈالا اور عمران خان نیب کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے لکھا کہ نیب میں کورونا متاثرین کی تعداد کے پیش نظر، عمران نیازی کا واحد مقصد یہی دکھائی دیتا ہے کہ ہر اس شخص کی زندگی خطرے میں ڈالے جو ان کی نااہلی پر بات کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی بلاوجہ کی کارروائیوں نے بے شمار زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، جن مین ہمارے لیگی سپورٹرز اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آج میری جماعت کے لیڈرز، ورکرز اور پولیس اہلکار (جو کہ محض اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے) سب ہی کورونا وائرس سے خدانخواستہ بری طرح ایکسپوز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض عمران خان کے اندر لگی بغض کی آگ کا شاخسانہ ہے جس کو وہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے نیب کے ذریعے بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

واضح رہے لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو(نیب) کو انہیں 17 جون تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔