وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کا نوٹس لے لیا
صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز کو قیمتوں و کرایوں میں کمی کے معاملات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں سامنے آنے چاہیئے، صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔

اس متعلق وزیراعظم نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو ہفتہ وار بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے صوبوں کے وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز اورچیئرمین نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق گزشتہ مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، حال ہی میں گندم کٹائی مکمل ہوئی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی صوبوں کے ساتھ ملکر مہنگائی کے خاتمے کے لیے میکنزم بنائے۔