بھارت آگ سے نہ کھیلے ورنہ منہ توڑ جواب دینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت آگ سے نہ کھیلے ورنہ منہ توڑ جواب دینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے بھارت کو جواب دے رہی ہے، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے اور بھارت آگ سے نہ کھیلے، فوجی مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے جواب دے رہی ہے۔ بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے کئی بار خلاف ورزی کی جنہیں مار گرایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جا رہی ہے اور وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پر ایڈوانچرازم کیا جائے۔ انہوں نے کہا اگر دشمن ملک کسی قسم کی جارحیت کی تو بھرپورجواب دیں گے اور ہم تیار ہیں۔ کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے، فل مائنڈ کے ساتھ جواب دیں گے۔

انٹرویو کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کو بعض محاذوں پر بہت بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہاں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی ان کو بڑی شرمندگی ہوئی، وہاں پر اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے اور اس ساری صورتحال پر نظر ہٹانے کے لیے ایل او سی پر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ سٹیج بنا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کا سب سے بڑا ڈرامہ پلواما ٹو تھا اور یہ ڈرامہ کر کے دن کی روشنی میں گاڑی کو تباہ کیا تاکہ شواہد نہ مل سکیں، بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے سٹیج بنا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیرمظالم کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو دبانے کے لیے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے، بھارتی فورسزنے 7سال کے بچے کوبھی معاف نہیں کیا۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی سینئر ملٹری قیادت لانچ پیڈ کا الزام لگاتی ہے، یو این مبصرین گروپ کو مکمل آزادی ہے پاکستان سائیڈ پر جہاں مرضی جا سکتے ہیں۔ پاکستان عالمی میڈیا کو لائن آف کنٹرول پر کئی بار لے جا کر بھی جا چکا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی میڈیا سمیت مبصرین کو کبھی کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، بھارت بھی یو این مبصر گروپ، عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات کے شواہد کا تو آج کل ہونا مسئلہ ہی نہیں، بھارت آگ سے نہ کھیلے، ہم تیارہیں، جواب دیں گے، فوجی مہم جوئی کے سنگین نتائج ہوں گے۔ بھارت ہر ناکامی کا حل ہمارے خلاف مہم جوئی میں ڈھونڈتا ہے۔ دشمن ملک سمجھ لے کسی بھی فوجی مہم جوئی کے نتائج ہوں گے۔ آگ سے نہ کھیلا جائے، فوج مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔