گاڑیوں کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم اور پرانی کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

گاڑیوں کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم اور پرانی کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار
کیپشن: گاڑیوں کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم اور پرانی گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب میں موٹر وہیکل کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم جبکہ 5 سال پرانی گاڑیوں کیلئے روڈ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔

پنجاب کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی۔ اب موٹر وہیکل کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لاگو ہو گا جبکہ 5 سال پرانی گاڑیوں کیلئے روڈ فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے ملازمین کو خصوصی الاؤنس دینے کی منظوری دے دی۔ گریڈ 1سے 19 تک کے ملازمین کو خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے دکھوں کا مداوا کیا ہے۔ یکم جون سے 25 فیصد خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دسمبر2021 تک پنجاب بھرمیں ہیلتھ کارڈ میسرہوگا۔ وراثتی سرٹیفکیٹ کا اجرا نادرا سینٹرز کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں سندھ کی جانب سے پانی پر کی جانے والی سیاست پر گفتگو ہوئی۔ سندھ حکومت پانی پرسیاست کر رہی ہے۔ پنجاب بڑا بھائی ہے اور سندھ کی معاونت کرتا رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ سندھ کو پہلے کی طرح پانی کی فراہمی کو جاری رکھا جائے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کی پریشانی ہے کہ وہ معیشت کو تباہ کر کے گئے تھے۔ وہ پریشان ہیں کہ عمران خان نے معیشت کو کیسے سنبھال لیا۔ مسلم لیگ ن مقروض صوبہ چھوڑکرگئی تھی۔ ن لیگ کو تکلیف ہے معاشی اشاریے کیسے بہترہوگئے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب ش اور ن کا میچ ہو گا۔ چچا اور بھتیجی کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ مردہ گھوڑا ہے جس میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔