ویت نام سے آنے والے مسافروں پر یو اے ای میں داخلے پر پابندی عائد

ویت نام سے آنے والے مسافروں پر یو اے ای میں داخلے پر پابندی عائد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ویت نام سے آنے والے مسافروں کا پانچ جون سے داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یو اے ای حکام کے اس اعلان کے بعد ویت نام سے آنے والے راہداری مسافر بھی ہفتے کے روز سے یواے ای میں داخل نہیں ہوسکیں گے اور اس فیصلے کا اطلاق ان تمام مسافروں پر ہو گا جو امارات میں آمد سے قبل گزشتہ 14 روز کے دوران ویت نام میں مقیم رہے ہیں۔ 
خبر ایجنسی کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ویت نام سے یو اے ای آنے والے مسافروں پر ہو گا البتہ یو اے ای سے مسافروں کو ویت نام جانے کی اجازت ہوگی اور وہ وہاں جانے والی براہ راست یا راہداری پروازوں کے ذریعے بھی جا سکیں گے۔ 
متحدہ عرب امارات نے یہ فیصلہ ویت نام میں کورونا وائرس کی نئی ہائبرڈ قسم کے پھیلاؤ کے بعد کیا ہے، کورونا وائرس کی برطانوی اور بھارتی شکلوں سے جنم لینے والا یہ نیا وائرس ویت نام میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کا شکار افراد کی تعداد چار ہزار کے لگ بھگ ہوچکی ہے۔