بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، بدترین لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، بدترین لوڈشیڈنگ جاری

اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 775 میگا واٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ طلب 26 ہزار 775 میگاواٹ ہے اور یوں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 775 میگاواٹ ہو گیا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس وقت پانی سے 5 ہزار 219 میگا واٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے ایک ہزار 284 میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 764 میگا واٹ اور ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 190 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 
اسی طرح سولر پلانٹس سے 76 میگا واٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس سے 189 میگا واٹ اور جوہری ایندھن سے 2 ہزار 278 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ 
بجلی کے شارٹ فال سے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور صرف اسلام آباد ریجن میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔

مصنف کے بارے میں