سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی تجاویز پرآئندہ ہفتے غور کیا جائے گا

 سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی تجاویز پرآئندہ ہفتے غور کیا جائے گا

اسلام آباد: پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے نادرا کی تجاویز کو آئندہ اجلاس میں زیر غور لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کنوینر کمیٹی زاہد حامد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈاکٹر عارف علوی، صاحبزادہ طارق اﷲ، ایس اے اقبال قادری اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی الیکشن کمشنرز کے تقرر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات سے قبل دھاندلی قرار دینے پر سیکرٹری الیکشن کمشن، ڈی جی سمیت کمیشن کا دیگر عملہ احتجاجاً اجلاس چھوڑ کر چلا گیا جبکہ انہوں نے تحریک انصاف کے اس اعتراض کو مسترد کردیا۔ اجلاس کے بعد مختصر بریفنگ دیتے ہوئے زاہد حامد نے بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ہر بات پر الیکشن کمیشن پر اعتراض کرنا درست نہیں ہے۔ آئندہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے حکام کو منا لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران نادرا نے سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے حوالے سے تجاویز پیش کی ہیں جنہیں آئندہ اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز شناختی کارڈ رکھنے والے پاکستانیوں کو بطور ووٹر رجسٹر کر کے ایک نمبر الاٹ کیا جائے گا جبکہ موبائل فون کے ذریعے بھی ووٹ کا عمل ہو سکے گا۔