بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گئی

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گئی

اسلام آباد: سینیٹ کے آج ہونیوالے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مشیر خارجہ نے کہا تھا کہ 31 دسمبر تک بھارتی جاسوس کے خلاف ناکافی شواہد تھے۔ بتایا جائے اب اس کے کیس میں کیا پیش رفت ہوئی ہے جس پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ میں نے ناکافی شواہد کی بات نہیں کی تھی۔

کلبھوشن یادیو کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اب بھارتی جاسوس کے خلاف مقدمہ چلے گا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ 31 دسمبر تک یو این او کو ڈوزیئر ارسال کیا تھا۔ ڈوزیئر ارسال کرنے کا مقصد دنیا کو بتانا تھا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کرتا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے سینٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بھی کہا گیا کہ حکومت نے پاکستان کے داخلی معاملات میں بھارتی مداخلت کے واقعات میں ملوث ہونے سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ دیگر ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو بھی اس سے متعلق آگاہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

کلبھوشن یادیو کے خلاف معلومات اور حقائق مختلف اداروں کی مشاورت سے تیار کی گئیں ہیں۔ متعلقہ معاملہ انتہائی حساس ہے اس لیے اس کی تفصیل تیار کرنا ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں