سینیٹ انتخابات، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری

سینیٹ انتخابات، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری ہے۔ 52 نشستوں پر 131 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سینیٹرز کے انتخاب کے لیے پولنگ چاروں متعلقہ صوبائی اسمبلیوں میں جبکہ اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں کے لیے پولنگ قومی اسمبلی میں ہو رہی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہو گا جو بلاتعطل شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

مزیدپڑھیں: سینیٹ انتخابات، فضل الرحمان نے وزیراعظم کو حمایت کی یقین دہانی کروا دی

سینیٹ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جس کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو اسمبلی سیکرٹریٹ کا کارڈ ساتھ لانا ہو گا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق اراکین کے موبائل فون پولنگ اسٹیشن لانے پر مکمل پابندی ہو گی جب کہ بیلٹ پیپر اور ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانا ہو گا۔


وزارت داخلہ نے سینیٹ انتخابات کے دوران قومی و صوبائی اسمبلیوں کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کو سپرد کر دی ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رینجرز کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن پرامن ماحول میں کرانے کی استدعا کی تھی۔

 یہ خبر پڑھیں: سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

یاد رہے کہ سینیٹرز کی آئینی مدت 6 برس ہے اور ہر 3 برس بعد سینیٹ کے آدھے ارکان اپنی مدت پوری کر کے ریٹائر ہو جاتے ہیں اور آدھے ارکان نئے منتخب ہو کر آتے ہیں۔

اس مرتبہ بھی سینیٹ کی آدھی یعنی 52 نشستوں پر انتخابات ہو  رہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب سے 12، 12 سینیٹرز کا انتخاب ہو گا جب کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11، 11 سیینیٹرز، فاٹا سے 4 اور اسلام آباد سے 2 ارکان ایوان بالا کا حصہ بنیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں