نواز شریف پر ایک بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

نواز شریف پر ایک بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی جماعت کوسینیٹ الیکشن سے باہر کر دیا گیا۔  کسی ملک کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ اقامے پر منتخب وزیراعظم کو نکال دیا جائے اور ایک پیسے کی کرپشن نہ کرنے کے باوجود نکال دیا گیا جب کہ جے آئی ٹی کے صندوقوں میں سے بھی کچھ نہیں نکلا۔  آج بھی سینیٹ الیکشن میں نواز شریف جیتیں گے۔

مزید پڑھیں: ایل ڈی اے میں احد چیمہ کے دور میں بھرتیاں، نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سینیٹ، عام انتخابات سمیت ہر الیکشن میں نواز شریف جیتیں گے اور نواز شریف جہاں بھی جاتے ہیں لوگوں کا سمندر امڈ آ جاتا ہے کیونکہ عوام ان کے ساتھ ہیں اور جو آج نواز شریف کو چھوڑے گا اس کا سیاسی کرئیر ختم ہو جائے گا انہوں نے مزید کہا نواز شریف کا ساتھ نہ دینے والے مسلم لیگ (ن) کے باغی ارکان اپنا سیاسی کیریر تباہ کریں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ارکان اسمبلی سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیں گے اور عمران خان کو جعلی این اوسی کا جواب بھی دینا ہے۔ عمران خان اپنے ہی ارکان اسمبلی پر بکاؤ مال ہونے اور ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات، تحریک انصاف کے امیدوار کپتان کے ووٹ سے محروم

یاد رہے آج سینیٹ انتخابات ہو رہے ہیں جس کے لئے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 4 بجے تک جاری رہے گا جبکہ ووٹنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہو رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق اراکین کے پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہو گی جب کہ بیلٹ پیپر اور ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانا ہوگا۔

اس مرتبہ بھی سینیٹ کی آدھی یعنی 52 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب سے 12، 12 سینیٹرز کا انتخاب ہو گا جب کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11، 11 سیینیٹرز، فاٹا سے 4 اور اسلام آباد سے 2 ارکان ایوان بالا کا حصہ بنیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں