سینیٹ انتخابات: چوہدری سرور 44 ووٹ حاصل کرکے سیٹ لے اڑے

سینیٹ انتخابات: چوہدری سرور 44 ووٹ حاصل کرکے سیٹ لے اڑے

لاہور: سینیٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کو پنجاب میں بڑا جھٹکا، کلین سویپ کا خواب پورا نہ ہوسکا، پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری محمد سرور 44 ووٹ حاصل کرکے سیٹ لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 12 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 11 جبکہ پی ٹی آئی نے 1 نشست حاصل کی۔ چوہدری محمد سرور نے سخت مقابلے کے بعد پنجاب سے نشست جیتی ہے۔ انہوں نے مسلم ن کے مخالف امیدوار کے 40 ووٹوں کے مقابلے میں 44 ووٹ حاصل کئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اگر اللہ نے مجھے ہمت دی تو میں عوام کی خدمت کروں گا۔

پنجاب اسمبلی سے جنرل نشست پر ن لیگ کے حمایت یافتہ آصف سعید کرمانی، ہارون اختر خان، مصدق مسعود ملک، رانا مقبول احمد، شاہین خالد بٹ، زبیر گل سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے چوہدری محمد سرور بھی جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے۔

پنجاب سے ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدواروں میں اسحاق ڈار اور ڈاکٹر حافظ عبد الکریم شامل ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی امیدواروں میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق شامل ہیں۔ اقلیتوں کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار کامران مائیکل کامیاب قرار پائے ہیں۔