راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم مودی کی کلاس لے لی

راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم مودی کی کلاس لے لی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

نئی دہلی:پاک بھارت کشیدگی اور بھارت کے آئندہ وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار راہول گاندھی نے بھی مودی کی کلاس لے لی۔ بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ننگا کرتے ہوئے آئینہ دکھادیا ۔

انہوں نے مودی کے رافیل طیاروں کی عدم دستیابی کا بہانہ ان کے منہ پر دے مار ا۔راہول گاندھی نے کہا کہ مودی صاحب آپ نے تین ہزار کروڑ روپے کرپشن کرکے انیل امبانی کو دیئے جبکہ رافیل طیاروں کی خریداری میں تاخیر بھی آپ کی وجہ سے ہوئی اور اس سب کے ذمہ دار آپ ہی تو ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے اپنی فضائیہ کی کمزوری اور ملکی نقصان کا اعتراف کیا اور کہا کہ بھارت نے رافیل طیاروں کی کمی محسوس کی ہے اگر بھارت کے پاس رافیل طیارے ہوتے تو نتائج مختلف ہوتے لیکن سیاست کی وجہ سے بھارت کا بڑا نقصان ہوا ہے۔

2016 میں 9.4 ارب ڈالر کے 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر مودی سرکار نے فرانسیسی کمپنی ڈاسولٹ کو بھارتی پارٹنر کے انتخاب کے لیے آپشن دینے سے انکار کیا تھا جس پر ہر طرف مودی سرکار کی لعن طعن ہوئی۔بھارتی عوام اور سیاست دانوں نے رافیل طیاروں کے معاہدے میں غبن، خوردبرد اور کک بیکس لینے پر مودی سرکار پر کڑی تنقید کی جس کے بعد مودی سرکار کی نیند حرام ہو گئی۔