پاک فوج کا بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

پاک فوج کا بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری
کیپشن: فوٹو بشکریہ:ٹوئیٹر

راولپنڈی: بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں  میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ، بہادر نوجواں  لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ متاثرہ لوگوں  میں راشن بھی تقسیم کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق، سرحدوں کی حفاظت کیساتھ پاک فوج کا بلوچستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز سول انتظامیہ کو بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ قلعہ سیف اللہ اور دوریجی سے پندرہ سو سے زائد خاندانوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

پاک فوج نے مکران، لسبیلا اور شمالی بلوچستان میں امدادی کیمپ قائم کئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ پینتیس سو خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔ پاک فوج کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ متاثرین کو فرسٹ ایڈ مہیا کر رہا ہے۔ درہ خوجک، درہ لاک اور شیلا باغ کے علاقوں میں پھنسی گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔