نواز شریف کی واپسی کے لیے پاکستانی حکومت نے برطانیہ کو خط لکھ دیا

نواز شریف کی واپسی کے لیے پاکستانی حکومت نے برطانیہ کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: پی ٹی آئی  حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق، دفتر خارجہ کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپس بھیجا جائے تاکہ وہ باقی سزا مکمل کریں۔خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت ختم ہو چکی ہے، اب وہ ایک مجرم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بتا دیا تھا کہ نواز شریف ضمانت پر ہیں۔ حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے برطانوی حکومت کو موجودہ اسٹیٹس سے آگاہ کر دیا ہے۔ اب  وفاقی حکومت نے  پنجاب حکومت کی سفارش پر برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ 

دوسری طرف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت سو خط لکھ لے کوئی فرق نہیں پڑتا ،کیا سارے مسائل ختم ہو گئے ہیں  حکومت  نواز شریف کے پیچھے پڑی ہے۔


شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نواز شریف کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا ،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا  کہ حکومت نے برطانوی حکومت کو نواز شریف کو واپس بھجوانے کیلئے خط لکھا ہے ،کیا ملک میں تمام مسائل ختم ہو گئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب عدالتوں سے رجوع کریں گے،یہ سب عدالتوں کے فیصلے ہیں، نواز شریف عدالت کی اجازت سے گئے ہیں،حکومتیں کچھ نہیں کر سکتی، حکومت سو خط لکھ لے کوئی فرق نہیں پڑتا۔