اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ سینیٹ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر تعطل کے جاری رہے گی۔ سینیٹ انتخابات میں پہلا ووٹ تحریک انصاف کے رکن شفیق ارائیں نے کاسٹ کیا۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب سے تمام 11 امیدواروں کو پہلے ہی بلا مقابلہ کر لیا گیا تھا۔ آج خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد کی اسمبلیوں میں ووٹنگ کی جا رہی ہے۔
سینیٹ کے الیکشن کے بعد خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 12، 12، سندھ سے 11 اور اسلام آباد سے 2 سینیٹرز منتخب ہونگے۔
آج سینیٹ انتخابات میں سب سے اہم مقابلہ حکومتی امیدوار وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کانٹے دار مقابلہ کون جیتے گا۔
عبدالحفیظ شیخ کو حکومت اور اتحادیوں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی کی سیاسی ساکھ بھی بہت مضبوط ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان یہ مقابلہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہے۔
خواتین کی نشست کی بات کی جائے تو اس پر تحریک انصاف کی جانب سے فوزیہ ارشد اور مسلم لیگ (ن) کی فرزانہ کوثر کے درمیان مقابلہ ہے۔
یہ بات ذہن میں ہے کہ ایوان بالا کے 100 میں سے 52 سینیٹرز کی مدت مکمل ہونے والی ہے۔ یہ اراکین 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی سینیٹ االیکشن کو شفاف، منصفانہ اور آزادانہ بنانے کیلئے تمام انتظامات کئے ہوئے ہیں۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو انتخابی عمل کی نگرانی کرے گی۔