سینیٹ انتخابات، حکومت کو بڑا اپ سیٹ، گیلانی جیت گئے

سینیٹ انتخابات، حکومت کو بڑا اپ سیٹ، گیلانی جیت گئے

اسلام آباد: ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کامیاب ہو گئے۔ حکمراں جماعت تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ مطلوبہ ووٹ حاصل نہیں کر سکے۔ 

تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کی 37 نشستوں کیلئے قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلیوں سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صبح 9 سے شام 5 بجے تک پولنگ ہوئی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار  پائے۔ یوسف رضا گیلانی نے 169ووٹ حاصل کئے اور حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کئےجبکہ 7 ووٹ مسترد ہوئے۔ 

یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں خفیہ بیلٹ  کے ذریعے ووٹنگ ہوئی۔ ایوان بالا کی 37 نشستوں کا فیصلہ ہونے میں کچھ دیر کا مزید انتظار  ہے۔