سینیٹ انتخابات، سندھ سے پیپلز پارٹی 7، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم 2،2 نشستوں پر کامیاب

سینیٹ انتخابات، سندھ سے پیپلز پارٹی 7، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم 2،2 نشستوں پر کامیاب
کیپشن: سینیٹ انتخابات، سندھ سے پیپلز پارٹی 5 نشستوں پر کامیاب
سورس: فائل فوٹو

کراچی: سندھ اسمبلی میں ہونیوالے سینیٹ انتخابات کے اب تک کے آنے والے غیر سرکاری نتائج مطابق 11 نشتوں میں سے پیلز پارٹی سات، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف دو ، دو نشتوں پر کامیاب ہوئی۔

سندھ اسمبلی  سے  سینیٹ کی  11 نشستوں پر  انتخابات میں سندھ اسمبلی کے 168 میں سے167 اراکین نےحق رائے دہی استعمال کیا جبکہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن سید عبدالرشید نے پارٹی پالیسی کے تحت ووٹ کاسٹ نہیں کیا جبکہ 167 میں سے 4 ووٹ مسترد قرار پائے ہیں۔

پی پی کے سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، تاج حیدر، شہادت اعوان اور جام مہتاب ڈہر کامیاب قرار پائے جبکہ جنرل نشست پرایم کیوایم کے فیصل سبزواری بھی جیت گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واوڈا بھی جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ خواتین کی 2 نشستوں پر پیپلزپارٹی کی پلوشہ خان جبکہ ایم کیوایم کی خالدہ اطیب کامیاب قرار پائیں۔

خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کو 7 ووٹ زیادہ ملے کیونکہ پیپلز پارٹی کی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 99 ہے۔

پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان نے 60 اور خالدہ اطیب کو 57 ووٹ ملے۔ ٹیکنو کریٹس 2 نشستوں پر پیپلزپارٹی کے فاروق ایچ نائیک اور پاکستان تحریک انصاف کے سیف اللہ ابڑو کامیاب ہوئے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پیپلز پارٹی کو 5 ووٹ زیادہ ملے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے 61 جبکہ سیف اللہ ابڑو 57 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب ہو گئے ہیں۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔