سینیٹ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا، نوید قمر کا دعوی

سینیٹ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا، نوید قمر کا دعوی
کیپشن: سینیٹ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا، نوید قمر کا دعوی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر  نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا ہے جبکہ شہریار آفریدی اور زرتاج گل کا ووٹ بھی مسترد ہوا۔ مسترد شدہ ووٹوں پر اوور رائٹنگ کی ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب ہو گئے ہیں۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔