بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام 

بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام 
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو ایک منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاک بحریہ نے جاسوسی کیلئے آنے والی بھارتی جدید ترین آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔ بھارتی آبدوز کا راستہ روک کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی بحریہ نے اپنی آبدوز کو مذموم مقاصد کے ساتھ پاکستان کے خلاف تعینات کیا تاہم پاک بحریہ نے ایک بار پھر مسلسل چوکس رہ کر پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول اور پاک بحریہ کی جاری مشق سی سپارک 2022ء کے دوران یہ اہم واقعہ ہوا ۔  ہندوستانی آبدوز پاکستان میری ٹائم زون میں جاسوسی اور مشق سے متعلق معلومات اکٹھا کرنے کے لئے آئی تھی۔

پاک بحریہ نے مشقوں کے دوران سخت نگرانی اور چوکنا رہنے کے طریقہ کار کا اطلاق کیا تھا ۔ پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین وارفیئر یونٹ نے یکم مارچ کو جدید ترین ہندوستانی کلوری کلاس آبدوز کو قبل از وقت روکا اور ٹریک کیا۔

 گزشتہ پانچ سال میں یہ چوتھی بھارتی آبدوز پکڑی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پاک بحریہ کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا عکاس ہے۔

مصنف کے بارے میں