تحریک عدم اعتماد پر مولانا فضل الرحمن نے بھی اہم فیصلہ سنا دیا 

تحریک عدم اعتماد پر مولانا فضل الرحمن نے بھی اہم فیصلہ سنا دیا 

اسلام آباد:پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آصف زردای سے ملاقات کے بعد کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعلیٰ پنجا ب عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے ،اپوزیشن نے صرف وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا آصف علی زرداری تشریف لائے تھے ،دوران ملاقات شہبازشریف سے بھی رابطہ رہا جس میں کل کی آئینی ماہرین کی میٹنگ پر غور کیا گیا ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاعدم اعتماد عمران خان کے خلاف لایا جائے  گا اور اس کا ا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے ،مولانا نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ہی تحریک عدم اعتماد لارہے ہیں مزید بال کی کھال نہ اتاریں۔تحریک عدم اعتماد میں اتحادیوں کا بھی ساتھ ہوسکتا ہے۔ 

صحافی  کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بہار آئے نہ آئے خزاں کا جانا ضروری ہے۔ مولانا نے کہا چوہدری کیوں شہباز شریف کے گھر نہیں گئے،ہمارے پاس چھانگا مانگا اور مری نہیں ہے۔قوی امکان ہے اتحادی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ہم حتمی آخری اقدام پر پہنچ چکے ہیں۔اپنے ممبران کو بحفاظت پارلیمنٹ رازداری کے ساتھ پہنچائیں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپنے ملک کے اداروں سے ہی نہیں اسلامی برادری سے بھی کہوں گا کوئی ملک اب عمران خان کو پاکستان کا نمائندہ مانیں اور نہ ان کو وزیراعظم کی  حیثیت دیں۔بلاول سفر میں ہیں ان کو حالات کا پتا نہیں۔چوہدریوں کو شہباز شریف نے گھر کھانے پر بلایا تھا۔