عمران خان نے اپنے دستخط کر کے کہا کہ انھوں نے اثاثے چھپائے: لیگی رہنما

عمران خان نے اپنے دستخط کر کے کہا کہ انھوں نے اثاثے چھپائے: لیگی رہنما

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤٴں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روایتی انداز میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کے خوب نشتر چلائے۔ دانیال عزیز نے کہا عمران خان اور جہانگیر ترین کہتے تھے کہ اگر کوئی غلطی نہیں کی تو گھبرانا نہیں جبکہ وزیراعظم نے تو خود کو عدالت میں پیش کر دیا ہے اور ان دونوں سے جہاں بھی سوال پوچھا جاتا ہے یہ چُھپتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کی وہ دلیری کہاں گئی اب کیوں سر جھکائے ہوئے ہیں اب یہ بھاگ رہے ہیں ہم ان کو پکڑ پکڑ کر لائیں گے۔ یہ صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن ن لیگ ہی وہ جماعت ہے جو خود بھی احتساب کے لیے پیش ہو رہی ہے اور ان کو بھی پکڑ پکڑ کر احتساب کے لیے لا رہی ہے۔

دانیال عزیز نے مزید کہا عمران خان نے اپنے دستخط کر کے کہا ہے کہ انھوں نے اثاثے چھپائے اور ادھر خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالا لگایا۔ عمران خان کے ساتھی جہانگیر ترین نے اپنے ہاتھ سے لکھ کر دیا کہ نوکروں کے نام سے کاروبار کرتا رہا اور جہانگیر ترین جب رنگے ہاتھوںٕ پکڑے گئے تو پھر پیسے واپس کیے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا عمران خان کے بارے میں پوری قوم کو پتا ہے ان کی رشتے داری اور تانے بانے کہاں سے ملتے ہیں اور جتنی ملکی ترقی روکنے کی یہ کوشش کرینگے عوام اتنی بڑی تعداد میں انکا مقابلہ کرنے نکلیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان صاحب آپ قوم کو اخلاقیات کا درس نہ دیا کریں کیونکہ آپ تو اپنی کرپشن مان چکے ہیں اور یہاں آ کر کہا درخواست خارج کی جائے۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ چار آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں اور 2018 سے پہلے عدالت آپ سے صادق اور امین کا لبادہ اتار دے گی کیونکہ اسرائیلی، بھارتی شہری کی فنڈنگ سے متعلق دستاویزات عدالت میں جمع کرائی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں