زیورخ: سوئٹزرلینڈ  کے شہر زیورخ میں ترکی کے قونصل خانے پر درجنوں نامعلوم  افراد نے حملہ کر کر کے عمارت پر رنگ پھینک دیا۔

ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق زیورخ میں ترکی کے قونصل خانے کی عمارت پر تقریباً 100 افراد کے ایک گروپ نے حملہ کیا ۔چہروں پر ماسک پہنے نامعلوم افرادکے گروپ نے قونصل خانے کی عمارت پر رنگ پھینکا۔

مکمل طور پر ماسکوں سے ڈھکے چہروں والے حملہ آوروں نے صدر رجب طیب ایردوان کو ہدف بنا کر عمارت سے قریب واقع بس سٹاپ پر اور سامنے والی عمارت پر رنگوں کے ساتھ ایردوان کے خلاف نعرے بھی لکھے ۔

تعطیل کی وجہ سے قونصل خانے میں عمارت کی سکیورٹی کے علاوہ اور کوئی موجود نہیں تھا لہٰذا اضافی پولیس فورس کے آنے تک عمارت سکیورٹی کے بغیر رہی۔

قونصل جنرل آسیہ نورجان اپیک چی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے کہا  کہ اس وقت حالات پر سکون ہیں اور خوف زدہ ہونے کی کوئی بات نہیں۔