ایران سے معاہدہ ختم ہونے سے جنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے، جنرل اینتونیو گوتریز

ایران سے معاہدہ ختم ہونے سے جنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے، جنرل اینتونیو گوتریز
کیپشن: امریکا ایران سے کیے جانے والے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے باہر نہ نکلے، اینتونیو گوتریز۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتریز نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے کیے جانے والے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے باہر نہ نکلے۔ سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتریز نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ باقی نہ رہا تو اس صورت میں جنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ختم نہیں کیا جانا چاہیے جب تک اس سے بہتر متبادل سامنے نہیں آتا ہے۔

 

مزید پڑھیں: مراکش نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا، سفیر کو واپس بلا لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں کیے جانے والے اس معاہدے کے ناقد ہیں اور اس معاہدے کو 'پاگل پن' قرار دے چکے ہیں۔ وہ آنے والے ہفتوں میں یہ فیصلہ کرنے والے ہیں کہ وہ 2015 میں ہونے والے اس معاہدے میں شامل رہیں یا نہیں۔

ادھر دوسری جانب یورپی ممالک کے رہنما صدر ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ جوہری معاہدے کو منسوخ نہ کریں۔ فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے اتفاق کیا تھا کہ موجودہ جوہری معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنے کا بہترین طریقہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی دفاعی اخراجات میں امریکا، چین اور سعودی عرب سر فہرست

یاد رہے گزشتہ دنوں اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو نے خفیہ ایٹمی فائلیں افشا کی تھیں جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایران نے خفیہ طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کی تھی۔ اس پر امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پوم پے او نے کہا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے 'خفیہ ایٹمی فائلیں' افشا کیے جانے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے جھوٹ بولا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں