نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت آج ہو گی

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت آج ہو گی
کیپشن: سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کے لئے ضمانت منظور کی تھی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ نواز شریف آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج صبح 11 بجے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔

عدالت نے نواز شریف کی 6 ہفتوں کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ سابق وزیراعظم کی عبوری ضمانت کی مدت 7 مئی کو ختم ہو جائے گی اور نواز شریف نے عبوری ضمانت کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں عدالت سے بیرون ملک جانے پر لگائی گئی پابندی ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نے ڈاکٹرز کی آراء اور میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی جمع کروا رکھے ہیں۔

 یاد رہے سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کے لئے ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا نواز شریف ملک نہیں چھوڑ سکے، وہ 6 ہفتے میں اپنی مرضی کا علاج کرا سکیں گے، نواز شریف 6 ہفتے بعد سرنڈر کریں گے، سرنڈر نہ کرنے پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے 8 ستمبر 2017 کو نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف العزیزیہ، فلیگ شپ، ایون فیلڈ ریفرنسز دائر ہوئے۔ 19 اکتوبر 2017 کو العزیزیہ اور 20 اکتوبر کو فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف پر فرد جرم عائد ہوئی۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7، محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا ہوئی۔ ستمبر 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں تینوں کی سزاؤں کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔ 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا ہوئی اورعدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا۔