خواجہ آصف کی بطور پارلیمانی لیڈر نامزدگی، سعد رفیق ناراض

خواجہ آصف کی بطور پارلیمانی لیڈر نامزدگی، سعد رفیق ناراض
کیپشن: خواجہ سعد رفیق پی اے سی کے چیئرمین بننے کے خواہاں تھے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ خواجہ آصف آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: مسلم لیگ ن کی صفوں میں تبدیلی آ گئی۔ خواجہ آصف کی بطور پارلیمانی لیڈر نامزد گی کا اعلان کر دیا۔سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی پارلیمانی فیصلوں بارے ناراضگی بھی سامنے آ گئی۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے خواجہ سعد رفیق پی اے سی کے چیئرمین بننے کے خواہاں تھے اور پارٹی میں کمزور لابی کے باعث ان کیلئے کسی نے کھل کر حمایت نہیں کی۔

مسلم لیگ ن نے گزشتہ روز اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پارلیمانی رہنما کی تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا۔

رانا تنویر کو شہباز شریف کی جگہ قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے ان تبدیلیوں کی وجہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی طبی اور عدالتی مصروفیات کو قرار دیا ہے۔

ادھر شہباز شریف کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔