ملک بھر میں 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا

ملک بھر میں 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا

لاہور: پاکستان میں عوام کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ ہیلتھ ورکرز، معمر ترین افراد اور 60 سے زائد عمر کے افراد کے بعد اب 40 سال سے 49 سال تک کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے گزشتہ ماہ 27 اپریل کو 40 سال سے 49 سال کی عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن شروع کی گئی تھی۔ اب رجسٹریشن کرنے والے تمام افراد کو موبائل فونز پر پیغامات کے ذریعے حفاظتی ٹیکوں کیلئے ویکسی نیشن سینٹرز پہنچنے بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ پاکستان میں اس وقت پچاس سال اور زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔

حکومت نے رمضان المبارک کی وجہ سے ویکسینیشن سینٹرز کو دو شفٹوں میں عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی ہدایت کی ہے۔

این سی او سی کے مطابق اب تک پورے ملک میں سات لاکھ گیارہ ہزار چار سو شہریوں کو عالمی وبا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ ویکسی نیشن کے اس عمل کو ڈیجیٹل میکنزم کے ذریعے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

عوام کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے صوبہ پنجاب میں 189، صوبہ سندھ میں 14، خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44، اسلام آباد میں 14، آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں 16 ویکسی نیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا سے صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک آٹھ ہزار پانچ سو بہتر افراد انتقال کر چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں 4667، خیبر پختونخوا 3392، اسلام آباد چھ سو اکیاون، گلگت بلتستان ایک سو سات، بلوچستان میں دو سو سینتیس اور آزاد کشمیر میں چار سو تراسی افراد بھی موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔