آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بھارت سے واپسی کیلئے چارٹرڈ طیاروں کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں: آسٹریلین بورڈ

آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بھارت سے واپسی کیلئے چارٹرڈ طیاروں کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں: آسٹریلین بورڈ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے چیف نے کہا ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کیلئے بھارت میں موجود آسٹریلین کھلاڑیوں کو واپس آسٹریلیا لانے کیلئے اس وقت چارٹرڈ طیاروں کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلوی کھلاڑی پیٹ کومنز کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھی کھلاڑی ورون چکراورتی اور سندیپ واریئر کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اس وجہ سے آج کلکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ 
بھارت میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کے باعث آسٹریلین کھلاڑی کرس لین نے کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کی تھی کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھارت سے نکالنے کیلئے چارٹرڈ طیاروں کا بندوبدست کیا جائے تاہم اب آسٹریلوی بورڈ کے سربراہ نک ہوکلے نے کہا ہے کہ ابھی ان کے پاس چارٹرڈ طیارے چلانے کی کوئی تجویز موجود نہیں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے رابطے میں ہیں اور صورتحال کو بغور جائزہ لے رہے ہیں اور جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس حوالے سے آسٹریلوی وزیراعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں موجود آسٹریلوی کھلاڑی ذاتی حیثیت سے لیگ کھیلنے گئے اس لئے اپنی واپسی کے انتظامات خود کریں۔