شاہ محمود قریشی نے ہلکی باتیں کیں، میں ایسی باتیں نہیں کرتا: جہانگیر ترین

شاہ محمود قریشی نے ہلکی باتیں کیں، میں ایسی باتیں نہیں کرتا: جہانگیر ترین
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءجہانگیر ترین نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کو ہلکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت مسلم لیگ (ن) اور دیگر کیساتھ ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب صحافیوں نے انہیں وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی کے خطاب کی طرف توجہ دلائی تو جہانگیر ترین بولے یہ ہلکی باتیں ہیں، میں ایسی باتیں نہیں کرتا۔
 اپنے کیسز کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم کی طرف سے علی ظفر کی تعیناتی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا کیس کرمنل ہے ہی نہیں ، ایف ائی اے کا کوئی کردار نہیں ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت ہمارا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے نام لئے بغیر جہانگیر ترین اور ہم خیال اراکین سے متعلق کہا تھا کہ ادھر ہو جاؤ یا ادھر ہو جاؤ، یہ تیتر بٹیر نہیں چلے گا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن اس بات پر دھیان نہ دیں کہ 4 ایم این اے یا ایم پی اے بگڑ گئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاسی جدوجہد کی طویل جنگ لڑی،ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب سے ووٹ لئے لیکن ترقیاتی کام نہیں کئے، جو کہتے تھے ڈھائی سال ہوگئے کہاں ہے تبدیلی؟ان لوگوں سے کہتا ہوں دیکھو جنوبی پنجاب کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، لوگ کہتے ہیں تبدیلی کیا ہے؟ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔