قوم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں، ڈالر بنانے والی سلائی مشین کی ضرورت ہے: رانا ثناءاللہ

قوم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں، ڈالر بنانے والی سلائی مشین کی ضرورت ہے: رانا ثناءاللہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ قوم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی نہیں بلکہ ڈالر بنانے والی علیمہ باجی کی سلائی مشین کی ضرورت ہے، عمران نیازی الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے اپنی دیہاڑی لگانا چاہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن سے متعلق حکومتی اصلاحاتی پیکیج پر ردعمل دیتے ہوئے راناثناءاللہ کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ نے عوام کو ریلیف نہیں دینا کیونکہ انہوں نے الیکٹرک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینے ہیں عوام سے نہیں، عمران نیازی الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے اپنی دیہاڑی لگانا چاہتے ہیں ، انہیں مزدور کی دیہاڑی کی فکر نہیں ہے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ جب شہباز شریف نے انتخابی پارلیمانی اور معاشی اصلاحات کی بات کی تھی تو یہ کہتے تھے کہ این آر او مانگ رہے ہیں، اب انتخابی اصلاحات کے فراڈ پر اکیلے بیٹھ کر روئیں۔ 
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ کا طریقہ رائج کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے آئینی ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے پولنگ کے 20,25 منٹ بعد ہی نتیجہ سامنے آ جائے گا۔ 
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کیلئے وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد جھگڑا ہوتا ہے کہ ہمیں نتیجہ قبول نہیں، وزیراعظم نے پہلے دن ہی دھاندلی کے الزام پر پارلیمانی کمیٹی بنا دی تھی، اپوزیشن کا الزام تھا کہ آر ٹی ایس بیٹھا ہے، ہم نے تفصیل مانگی لیکن نہیں دی گئی، ہم نے فارم 45 کی تفصیل مانگی لیکن وہ بھی فراہم نہیں کی گئی۔ 
ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی سے کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی، سینیٹ الیکشن میں ہم نے اوپن ووٹ کی بات کی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سینیٹ کا ووٹ اوپن کرنے کی بات کر چکے ہیں، تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کیلئے اوپن بیلٹ کی کوشش کی مگر اپوزیشن مکر گئی، یوسف رضا گیلانی کس انداز میں سینیٹر بنے وہ سب کے سامنے ہے۔