وزڈن نے آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپین شپ کی ٹیم کا اعلان کر دیا

وزڈن نے آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپین شپ کی ٹیم کا اعلان کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لندن:وزڈن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستانی کپتان بابراعظم سمیت کسی بھی قومی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزڈن کی جانب سے اعلان کردہ گیارہ رکنی سکواڈ میں بابر اعظم سمیت پاکستان کے کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیمپین شپ میں 17 اننگز کھیل کر 66.57 کی اوسط سے 932 رنز بنائے ہیں جبکہ محمد رضوان نے 12 میچز میں 46.31 کی اوسط سے 741 رنز سکور کئے تھے۔
وزڈن کی ٹیم کی قیادت ولیم سن کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما، کورونا رتنے، مارنوس لابوشین، سٹیو سمتھ، بین سٹوکس، رشبھ پنت، کائل جیمی سن، روی چندر ایشون، پیٹ کومنز اور سٹیورٹ براڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، چیمپین شپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے وکٹ کیپر محمد رضوان، بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جدیجہ اور انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ 
رویندرا جدیجہ نے 10 ٹیسٹ میچز میں 58.62 کی اوسط سے 469 رنز بنائے اور 28 وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ انگلش کپتان جو روٹ نے 20 ٹیسٹ میچز میں 47.42 کی اوسط سے 1675 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ چیمپین شپ کا فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18 جون کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔