اسلام آباد میں 20 سے زائد خواتین کیساتھ زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد میں 20 سے زائد خواتین کیساتھ زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کورال کے علاقے میں پولیس نے 20 سے زائد خواتین کے ساتھ زیادتی اور لوٹ مار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس پر ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس ٹیم کو شاباش کے ساتھ تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایس پی رورل زون رانا عبدالوہاب نے کے مطابق تھانہ کورال پولیس نے 20 سے زائد خواتین کے ساتھ زیادتی اور لوٹ مار میں ملوث 25 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا جو مڈل پاس ہے اور گھروں میں بطور باورچی کام کرتا تھا، گرفتار ملزم ظہیر احمد آزاد کشمیر کا رہائشی ہے اور اس نے 20 سے زائد خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ 
سفاک ملزم نے دو سال پہلے اسلام آباد پولیس کی لیڈی پولیس اہلکارکے ساتھ زیادتی کی تھی، ملزم جھاڑیوں میں بیٹھ کر اکیلی خاتون کی تاک میں رہتا تھا اور خواتین کو بے ہوش کرنے کیلئے کلوروفارم کا استعمال کرتا تھا، خاتون کو اکیلا دیکھ کر زبردستی جنگل میں لے جاکر زیادتی کرتا اور قیمتی اشیاءچھیننے کے بعد فرار ہو جاتا۔
ملزم کے قبضہ سے وارداتوں کے دوران چھینے ہوئے موبائلز فون و قیمتی اشیاءبرآمد ہوئی ہیں، ملزم کو جدید تکنیکی بنیادوں پر ایس ایچ او کورال اور ٹیم نے گرفتار کیا اور اس کے خلاف درج شدہ مقدمات میں مزید تفتیش شروع کردی ہے، پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا ہے کہ بچپن میں اسے بھی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔