ملک بھر میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

لاہور: ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے اور ملک کے تمام شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، ترقی اور بقاءکیلئے دعائیں کی گئیں جبکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کا اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری کیلئے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس بچے عیدی ملنے پر خوشی سے سرشار ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر تمام شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے عید پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے نادار و مفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے محکوم مسلمانوں کیلئے بھی دعا ہے کہ اللہ تعالی انہیں ظلم و جبر سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوان اپنے پیاروں سے دور عید منارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں اور عیدالفطر کے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے عیدالفطر کے موقع پر جاری کئے گئے پیغام میں کہا کہ عید کا دن خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کیلئے ایثار و قربانی کا دن ہے، عید کی حقیقی خوشی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم دوسروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

مصنف کے بارے میں