پی ٹی آئی قیادت سے اپیل ہے کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آئے واقعے کی مذمت کریں: وزیر داخلہ

پی ٹی آئی قیادت سے اپیل ہے کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آئے واقعے کی مذمت کریں: وزیر داخلہ

فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعے پر عوام شدید غم و غصے میں ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے اپیل ہے کہ اس واقعے کی مذمت کریں۔ آئندہ انتخابات اگلے 12 سے 14 ماہ میں ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا، لیکن اس بات کا داعی ہوں کہ کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے تو کارروائی کروائے، سیکڑوں درخواستیں تھانوں میں پڑی ہیں جن پر کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف فتوے دئیے گئے، احسن اقبال کو گولی ماری گئی، یہ لوگ اس وقت خوش ہو رہے تھے اور کہتے تھے اچھا ہوا لیکن ہم نے پی ٹی آئی قائدین کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کہ مسجد نبوی ﷺ والے واقعے پر عوام میں غم و غصہ ہے جو کہتے ہیں کہ اگر ان کے خلاف کارروائی نہ کی تو ہم سمجھیں گے کہ حکومت کو بھی ان کے ساتھ ملوث ہے۔ پی ٹی آئی کے قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے افسوسناک واقعے کی مذمت کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک نا اہل ٹولے نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے، فتنہ پرور شخص اس ملک پر مسلط رہا، اللہ تعالی ہمیں ہمت دے کہ ہم معیشت کو بہتر کر سکیں۔ 
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ برصغیر میں کبھی چاند رات کو احتجاج نہیں ہوا لیکن اوباش قسم کے چند لوگ جو ان کے بہکاوے میں آئے نعرے لگاتے رہے، ان کے کرتوت ہیں جس کی وجہ سے ان کے اتحادیوں نے اور ساتھیوں نے انہیں چھوڑا، اگلے 12 سے 14 ماہ میں انتخابات ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں