نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا:خورشید شاہ

نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا:خورشید شاہ

اسلام آباد:  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا، انہوں نے کس کو خوش کرنے کیلئے ملاقات نہیں کی؟، یہ مکافات عمل ہے، جمہوریت کی خاطر پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا تھا لیکن اب کسی صورت نہیں بچائیں گے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے آصف علی زرداری کے بیان پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا بھی سخت ردعمل سامنے آگیا۔ خورشید شاہ نے ردعمل میں کہا کہ نوازشریف وہ دن یاد رکھیں جب انہوں نے زرداری کے ساتھ ملاقات سے انکارکیا تھا، نوازشریف نے بھی اس وقت کسی کو خوش کرنے کیلئے یہ ملاقات نہیں کی تھی ، میاں صاحب یہ بتائیں کہ اس وقت کس کو خوش کرنے کیلئے انہوں نے ایسا کیا تھا، میاں صاحب یہ مکافات عمل ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اب نواز شریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیں اور اپنے اداروں سے تصادم کے اقدام پر نظر ثانی کریں۔خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں، بار بار انہیں کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن بات نہ سنی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت بچانے کیلئے پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا، اب نواز شریف کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔