حکومت میں سب لوگ شریف خاندان کے لئے کام کرتے ہیں:عمران خان

حکومت میں سب لوگ شریف خاندان کے لئے کام کرتے ہیں:عمران خان

کوٹ ادو :تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت میں جتنے لوگ اوپر بیٹھے ہیں وہ سب شریف خاندان کے لئے کام کرتے ہیں۔ کرپٹ مافیا باریاں لےکر عوام کا پیسہ چوری کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے، سب برابر ہوتے ہیں لیکن ادھرتو کرپٹ مافیا صرف پیسے کی حفاظت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کونسی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے کہ عوام کے پیسے سے مجرم کو پروٹوکول ملے؟ جمہوریت میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے۔ ان لوگوں نے ثابت کردیا یہ پارلیمنٹ عوام کی نہیں۔عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ہاتھ کھڑے کرکے قانون پاس کیا کہ مجرم پارٹی کا سربراہ ہوسکتا ہے ،نوازشریف نے پارلیمنٹ سے جھوٹ بولا، اسپیکر نے نوازشریف کیخلاف اس لئے ریفرنس نہیں بھیجا کہ وہ ان کے گھر کا آدمی ہے۔پارلیمنٹ نے کوئی جواب طلب نہیں کیا۔ اگر حقیقی جمہوریت ہوتی تو یہ جواب دیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کی جائدادیں باہر ہیں اور عیدیں بھی باہر مناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کو آج سردرد بھی ہوتو علاج کیلئے باہر جاتے ہیں۔ اب اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں۔کرپٹ سیاستدان ملک میں اپنا علاج کیوں نہیں کراتے؟ ایسا ایک اسپتال بھی نہیں بنایا جہاں اپنا علاج ہوسکے۔
انکا کہنا تھا کہ یہاں اسپتال میں ایک بیڈ پر 4 مریض ہیں، 45 فیصد بچے پوری خوراک نہ ملنے پرذہنی اور جسمانی طور پر صحتمند نہیں ہوتے۔ پاکستان میں سب سے زیادہ بچے گندہ پانی پینے سے مر جاتے ہیں۔ سڑک پر بچے پیدا ہورہے ہیں کیونکہ اسپتالوں میں جگہ نہیں۔