سائبر کرنسی بٹ کوائن 7ہزار ڈالر کی حد بھی عبور کر گئی

سائبر کرنسی بٹ کوائن 7ہزار ڈالر کی حد بھی عبور کر گئی


لندن:سائبر ورچوئل کرنسی بٹ کوائن 7 ہزار ڈالرز کی حد بھی عبور کرگئی ہے جبکہ اس نے گزشتہ دنوں ہی پہلی بار چھ ہزار ڈالرز کی سطح کو چھوا تھا۔


تفصیلات کے مطابق بٹ کوائن نے اگست میں پہلی بار چار ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا جس کے بعد چین کی جانب سے سائبر کرنسی کے خلاف کرایک ڈائون کے اعلان کے بعد اس کی قیمت گری، مگر ستمبر میں اس میں پھر اضافہ ہوا۔اکتوبر میں اس نے پہلی بار پانچ ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا، پھر چھ اور اب سات ہزار ڈالرز سے بھی زیادہ کا ہوچکا ہے۔اس کرنسی کے ایک یونٹ یا ایک سکے کی قیمت اس وقت 7150 ڈالرز (ساڑھے سات لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تک پہنچ چکی ہے۔یعنی آپ ایک بٹ کوائن سے 15 تولے سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں۔


یہ اضافہ واقعی حیران کن ہے جبکہ تمام بٹ کوائنز کی مجموعی مالیت اس وقت 117 ارب ڈالرز کے قریب ہے۔یہ بتانا تو مشکل ہے کہ موجودہ قیمت میں اتنی تیزی سے اضافہ کیوں ہورہا ہے، ایک ممکنہ وجہ دنیا کی سب سے بڑی فیوچر ایکسچینج سی ایم ای کی جانب سے اسے رواں سال اپنا حصہ بنانے کا اعلان ہوسکتی ہے۔