پاکستان کیساتھ کرکٹ سیریز کا جائزہ، جنوبی افریقہ کے چار رکنی وفد کی اسلام آباد آمد

A four-member delegation from South Africa arrived in Islamabad to review the cricket series with Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ ترجمان کے مطابق وفد کی قیادت کرکٹ جنوبی افریقہ کے کرکٹ آپریشنز منیجر موکاش گیجر کر رہے ہیں جبکہ سٹیفن گریک، محمد زونید اور روری سٹین بھی وفد کا حصہ ہیں۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے چار رکنی وفد کے اسلام آباد پہنچنے پر کوویڈ 19 ٹیسٹ لیا گیا۔ ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد وفد اسلام آباد میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر دے گا۔ وفد آج راولپنڈی میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ دیکھے گا۔

مہمان وفد اسلام آباد میں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کے علاوہ راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی اور بائیو سیکیور انتظامات کا جائزہ لے گا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان مہمان وفد کو پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیں گے۔

خیال رہے کہ اگر معاملات طے پا جاتے ہیں تو جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا 12 سال بعد پاکستان کا دورہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ نے 08-2007ء میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اب پلان کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم جنوری 2021ء کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کے دورے کا آغاز 26 جنوری سے کراچی ٹیسٹ کے ساتھ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ سال اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ اس سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ تینوں ایک روزہ انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

یہ سیریز رواں سال ستمبر، اکتوبر میں شیڈول تھی۔ تاہم جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔