اپوزیشن ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، شبلی فراز

Pakistan,Shibli Faraz, Oppostion, NRO, PTI
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعمیرات میں سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے اور اللہ کے کرم سے معیشت اپنے پاوں پر کھڑی ہو گئی ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں بہتری آ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ماضی کے معاہدوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی تھی اور صنعتوں کو ملنے والی بجلی اب سستی ہو گی۔ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو اضافی بجلی پر 25 فیصد رعایت ملے گی کیونکہ صنعتوں کو مراعات ملنے کی وجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا اپوزیشن ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ اب اپوزیشن کی جماعتوں کو پتہ چل گیا ہے کہ ان کو کسی صورت میں بھی این آر او نہیں ملے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں جلسوں سے نہیں بلکہ ان کی باتوں سے اختلاف ہے اور جتنے جلسے یہ کر رہے ہیں ہمارا ایک صوبائی لیڈر کرتا ہے اور اس وقت اپوزيشن کی تحریک بُری طرح ناکام ہو گئی ہے کیونکہ لوگوں نے سب کے چہرے دیکھ لیے ہیں۔  شبلی فراز نے کہا کراچی اور سندھ کا حال دیکھ لیں اب وہ لوگوں کو ورغلانے گلگت بلتستان گئے ہوئے ہیں۔

نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ان کے لیے قانون کی کوئی اہمیت نہیں اور یہ سمجھتے ہیں قانون صرف عوام کیلئے ہے جبکہ نواز شریف کا فرض بنتا ہے کہ ملک کے قوانین کے سامنے خود کو پیش کریں اور باہر رہ کر آپ انقلابی نہیں بن سکتے۔