سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں

سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ 
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم چار میچوں میں چار فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے مگر سیمی فائنل میں رسائی کیلئے اسے مزید ایک جیت کی ضرورت ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم اب تک اپنے چاروں میچ ہار چکی ہے اور سری لنکا بھی چار میچوں میں سے تین میچ ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ 
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم چار میچوں میں تین فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر چکی ہے اور اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے اسے آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔ جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 33 گیندیں قبل ہدف حاصل کر کے اپنے رن ریٹ کو بہتر بنا لیا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں ناصرف اگلے میچ میں کامیابی درکار ہوگی بلکہ اس کیساتھ ہی آسٹریلیا کے بقیہ میچز کے نتائج کا انتظار بھی کرنا ہو گا۔ 
جنوبی افریقہ کا اگلا میچ ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے لہٰذا پروٹیز کیلئے ابھی کڑا امتحان باقی ہے۔ آسٹریلیا نے اب تک تین میں سے دو میچز میں فتح حاصل کی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف بدترین شکست کے سبب ان کے رن ریٹ پر فرق پڑا ہے جس سے کینگروز کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ 
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی بھی سیمی فائنل میں رسائی کا امکان موجود ہے جنہیں اپنے میچز سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے ہیں لیکن انہیں سیمی فائنل تک رسائی کیلئے دونوں میچز جیتنے کیساتھ ساتھ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہے۔