وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھانے کا عندیہ دیدیا

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھانے کا عندیہ دیدیا
کیپشن: خوشی ہے کہ میں ملک کا سب سے بڑا ویلفیئر پروگرام دے رہا ہوں، وزیراعظم عمران خان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا جب حکومت  ملی تو معیشت کا بُرا حال تھا اور ایک سال ہمیں اس کو ٹھیک کرنے میں لگ گئے جس کے بعد کورونا آ گیا اور مشکل حالات کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تاہم اس مشکل کے وقت میں دوست ملک کی سپورٹ پر ان کے شکر گزار ہیں۔ سعودی عرب، یو اے ای اور چین نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، 

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں ملک کا سب سے بڑا ویلفیئر پروگرام دے رہا ہوں جبکہ خاص طور پر احساس پروگرام کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ این سی او سی نے مشکل حالات میں بہت اچھے فیصلے کئے جس پر فخر ہے جبکہ مہنگائی اس وقت ملک کا بڑا مسئلہ ہے مگر عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے کیونکہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا رجحان ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان پیٹرول درآمد کرنے والے ممالک میں سب سے سستا پیٹرول دے رہا ہے۔ مگر ہمیں اس کی قیمت میں اضافہ کرنا ہو گا کیونکہ بھارت میں پیٹرول کی قیمت 200 روپے سے زائد ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2 کروڑ خاندانوں کے لیے 120 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں، انہیں آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔ 40 لاکھ خاندانوں کو بلا سود قرض دینے کا پروگرام لا رہے ہیں جب کہ کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں صحت کارڈ لا رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ مل چکے ہیں، کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بھی سب خاندانوں کو صحت کارڈ دیں گے جس سے وہ 7 سے 10 لاکھ روپے کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں اور فیکٹری مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیٹھ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں دو بڑے خاندان جنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے وہ آدھا واپس کر دیں تو میں وعدہ کرتا ہوں تمام اشیاء کی قیمتیں آدھی کر دوں گا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم نے غریب ظبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے حکومت کو عوام اور اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔