قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب ،عسکری حکام کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی 

National Assembly Pakistan,National Security Council Pakistan,PMIK

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی اور سینٹ ممبران پر مشتمل قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا،اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت 8 نومبر دن 11 بجے قومی اسمبلی ہال میں ہو گا،اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قومی سلامتی کی پارلیمانی کے اجلاس بلانے کے لیے نوٹس جار ی کر دئیے گئے ۔اجلاس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میاں شہباز شریف، پاکستان تحریک انصاف سے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین سے بلاول بھٹو زرداری، ایم ایم اے سے مولانا اسعد محمود اور پاکستان مسلم لیگ سے چوہدری طارق بشیر چیمہ کو مدعوکیا گیا ، بلوچستان نیشنل پارٹی سے محمد اختر مینگل، ایم کیو ایم سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، بلوچستان عوامی نیشنل پارٹی سے خالد حسین مگسی کو اجلاس میں شرکت کی دعو ت دی گئی۔

دوسری طرف جی ڈی اے سے غوث بخش خان مہر، عوامی مسلم لیگ سے شیخ رشید احمد اور عوامی نیشنل پارٹی سے امیر حیدر اعظم خان کو بھی مدعوکیا گیا ۔

سینٹ سے پارلیمانی کمیٹی کے اراکین ، وفاقی وزراء پرویز خٹک، عجاز احمد شاہ، علی امین خان گنڈاپور، شفقت محمود، اسد عمر، شبلی فراز اور دیگر وزراء بھی شرکت کریں گے۔

 وزیراعظم کے مشیر ظہیر الدین بابر عوان اور معاون خصوصی معید یوسف بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کریں گے۔

 اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلی، صدر آزاد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے تمام ممبران بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوں گے ۔