ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دیدی

سڈنی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افتخار احمد کی عمدہ اور شاداب خان کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ 
شاداب خان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے اور افتخار احمد نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں محمد حارث 28، شان مسعود 2، محمد رضوان 4 اور بابراعظم 6 رنز بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ وین پارنیل، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
بارش کے باعث جنوبی افریقہ کو 14 اوورز میں 142 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر محض 108 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان ٹمیبا باووما نے 36 رنز بنائے جبکہ ریلی روسو 7، ایڈن مارکرم 20، ہینرچ کلاسن 15، تریستان سٹوبز 18 اور وین پارنیل 3 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

مصنف کے بارے میں