مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ،دو بھارتی فوجی زخمی

مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ،دو بھارتی فوجی زخمی

سر ی نگر: مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ایئرپورٹ کے پاس بھارتی فوج کے کیمپ پر ایک حملہ ہوا ہے جس میں دو فوجی زخمی جبکہ ایک حملہ آور کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔سرینگر کے پولیس آئی جی منیر خان نے مقامی صحافی ماجد جہانگیر کو بتایا: 'حملہ صبح تقریبا چار بجے ہوا۔ بارڈر سکیورٹی فورسز کی 182 بٹالین کے کیمپ میں تین شدت پسند داخل ہو گئے تھے۔انھوں نے مزید بتایا،ان میں سے ایک شدت پسند کو مار دیا گیا ہے۔

جبکہ دو شدت پسند ابھی بھی کیمپ کے اندر موجود ہیں۔'انھوں نے بی ایس ایف کے دو جوانوں کے اس حملے میں زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے اس خودکش حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہاں سے ایک لاش ملی ہے جو کہ حملہ آور کی ہو سکتی ہے۔

ہمارے نمائندے ریاض مسرور نے بتایا ہے کہ حملے کے بعد سرینگر ہوائی اڈے کو جانے والی تمام سڑکیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ کلیئرینس ملنے تک تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اس سے قبل جنوری میں جموں کے سرحدی قصبہ اکھنور میں واقع جنرل ریزرو انجنئرنگ فورس یا گریف کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں کم از کم تین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔