اسحاق ڈار کی فرد جرم عائد ہونے کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہو گی

اسحاق ڈار کی فرد جرم عائد ہونے کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہو گی۔ چیف جسٹس انور خان کاسی کا مقرر کردہ ڈویژن بینچ سماعت کرے گا اور ڈویژن بنچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔

یاد رہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیب عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا حکم نامہ معطل کرنے کی درخواست دی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت کے 27 ستمبر کے حکم نامہ میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ درخواست میں چیئرمین نیب اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناجائز اثاثہ جات کیس کی سماعت کی تھی۔ سماعت کے دوران وفاقی وزیر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ فاضل جج نے اسحاق ڈار کو الزامات پڑھ کر سنائے تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردے دیا تھا ۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام بے بنیاد ہے لہذا اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا دفاع کروں گا اور بے گناہی کو ثابت کروں گا۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد اسحاق ڈار کے وکلا نے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست کی جس کی نیب نے مخالفت کی جب کہ عدالت نے استغاثہ کے 2 گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں