نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب، باضابطہ اعلان

نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب، باضابطہ اعلان

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف مسلم لیگ ن کے ایک بار پھر  بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں کیونکہ ان مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس جاری میں سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا پانچ رکنی بینچ بھی شریک تھے۔ پارٹی الیکشن کمشنر چودھری جعفر نے باضابطہ طور پر نواز شریف کے صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا  جس کے بعد ن لیگ کی جنرل کونسل نے نواز شریف کی پارٹی صدارت کی توثیق کر دی۔ 

پارٹی صدر کا انتخاب آج کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پارٹی صدر الیکشن کے لئے امیر افضل مندوخیل ریٹرننگ آفیسر اور راجا نیازی کو سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔

وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ طارق فضل چوہدری نواز شریف کے تجویز کنندہ اور رانا افضل تائید کنندہ تھے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کی توثیق کی گئی تھی۔  مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ پارٹی آئین ترمیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی جب کہ اجلاس میں نواز شریف پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد بھی منظور کی گئی تھی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ترمیم کا مقصد آئین سے آمر کی باقیات کو نکالنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں