وزارت عظمیٰ کی تحقیق کر لیں شاید کوئی اور فرد جرم مل جائے، نواز شریف

وزارت عظمیٰ کی تحقیق کر لیں شاید کوئی اور فرد جرم مل جائے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے (ن) لیگ کے مرکزی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو سیاست سے بیدخل کرنے کی بار بار کوشش ہوتی رہی اور آپ بار بار مجھے داخل کراتے رہے۔ یہ اصول صرف میرا نہیں ہونا چاہیے بلکہ پوری مسلم لیگ ن کا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے میرا راستہ روکنے کیلئے کالا قانون بنایا اور ڈکٹیٹر مشرف کو قانون واپس لوٹا رہے ہیں۔ ہم نے خلوص کے ساتھ ملک کی خدمت کی، کوئی لالچ، ذاتی مفاد اور کسی قسم کا کوئی غلط کام نہیں کیا جبکہ مجھے نا اہل کیے جانے کی وجہ مجھ سے زیادہ آپ جانتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے نااہل کرنا ہی تھا تو صاف صاف بتا دیا جاتا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن اور بدعنوانی سامنے نہیں آئی صرف اقامہ ملا جس کی بنیاد پر نااہل کر رہے ہیں۔ ستر سال سے ملک کے ساتھ یہ کچھ ہو رہا ہے اور ہمیں غور کرنا چاہیے کہ کیا اسباب تھے جس سے ہم دولخت ہو گئے جبکہ ہم نے اتنے بڑے سانحات سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا جو قومیں پرانی روش پر اڑی رہتی ہیں وقت انکا انتظار کیے بغیر آگے نکل جاتا ہے اور ملک بھی ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا مجھے عوام کی نمائندگی سے نااہل قرار دے دیا گیا اور اس جرم میں نااہل کیا گیا کہ میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی جبکہ کسی کرپشن یا بدعنوانی کے جرم میں نااہل نہیں کیا گیا اور مزید تحقیق کر لیں وزارت عظمیٰ کی بھی کہ تنخواہ لیتا ہوں یا نہیں شاید کوئی اور فرد جرم بن جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا آئینی حلف کی خلاف ورزی کرنے والے صادق بھی رہے اور امین بھی جبکہ 33  سال کے اقتدار میں آمروں کیخلاف کبھی عوامی مفاد کے تحت جواب نہ لیا گیا۔ کاش کوئی نظریہ ضرورت عوام کے حق حکمرانی اور ان کے ووٹ کی حرمت کیلئے بھی ایجاد کر لیا جاتا۔ سابق وزیراعظم نے کہا وکلا کنوشن میں پوچھے بارہ سوالات کے جواب نہیں ملے اگر حالات بدلنے کی کوشش نہ کی تو پاکستان ہمیں کبھی معاف نہیں کریگا۔

یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان پارٹی کے الیکشن کمشنر سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں