بھارتی ریاست بہار میں محرم کے جلوس کے دوران پاکستان کے حق  میں نعرے، ہندوستان ٹائمز

بھارتی ریاست بہار میں محرم کے جلوس کے دوران پاکستان کے حق  میں نعرے، ہندوستان ٹائمز

نئی دہلی:بھارتی ریاست بہار میں محرم کے جلوس کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔نوجوانوں نے پاکستان اور پی سی بی کے لوگو والی سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہن کر پاکستان کے حق میں نعرے لگائے جس پر ان کے خلاف بغاوت اورسماج مخالف الزامات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار میں پیش آیا۔ پٹنہ سے دو سو کلومیٹر کی دوری پر نیپا ل سرحد کے قریب واقع یوگپاٹی شہر میں محرم کے جلوس کے دوران پاکستان نواز نعرے بلند کیے گئے۔

پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے اور سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہننے پر 21افرادکے خلاف بغاوت اور سامراجی ہم آہنگی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔اخبار کے مطابق محرم کے جلوس کے دوران نوجوانوں نے سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر پاکستان اور پی سی بی( پاکستان کرکٹ بورڈ)تحریر تھا اور وہ پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ۔پولیس نے کچھ گھروں پر چھاپے مارے اور پاکستانی کرکٹرز کی طرح کی ٹی شرٹس برآمد کی تاہم جن پر بغاوت کے مقدمات درج کیے گئے وہ سب فرار ہیں۔یوگپاٹی کے پولیس اسٹیشن کے افسر ویوک کمار جیسول نے بتایا کہ 21 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جن میں نذیر، آفتاب، سرفراز، سلمان، ازہر، گوہر، اعجاز، عمران، سلال الدین اور نصیر الدین اور دیگر کونامزد کیا گیا ہے۔

ایس پی ونے کمار کا کہنا تھاہمیں ایسی شکایات ملی ہیں اور حقائق جاننے کی کوشش کررہے ہیں، اگر یہ الزام درست ہوئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ایس پی نے مزید کہا کہ ہم محرم کے جلوس کی تصاویر اور ویڈیوز کو دیکھنے کے بعد اس کیس میں آگے بڑھیں گے۔