فی الحال پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ممکن نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ

فی الحال پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ممکن نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ
پاکستان کو بھارت میں مدعو نہیں کر سکتے کیونکہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، بھارت۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی دوسرے دن کی سماعت مکمل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں لہٰذا بھارتی ٹیم وہاں نہیں جا سکتی اور پاکستان میں 10 سال سے کوئی ٹیم نہیں آ رہی ہے۔


دبئی میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی سماعت دوسرے روز بھی ہوئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے رتناکر شیٹھی اور بی سی سی آئی کے سابق سیکریٹری سنجے پٹیل نے مؤقف پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بہانے بازی جاری ہے۔ بھارت نے مؤقف پیش کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جا سکتی وہاں حالات ٹھیک نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 10 سال سے کوئی ٹیم میچز کھیلنے نہیں گئی۔ پاکستان کو بھارت میں مدعو نہیں کر سکتے کیونکہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور اسی لیے ایشیا کپ دبئی میں کرایا۔

بھارتی حکام نے کہا کہ فی الحال پاکستان کے ساتھ سیریز ممکن نہیں۔ ذرائع کے مطابق سماعت کے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی بھارتی حکام اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

پاکستان سے طے شدہ سیریز کھیلنے سے انکار پر بھارت کے خلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں قانونی جنگ جاری ہے جس میں گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوئے۔

دونوں ممالک کے تنازع کو سننے والا پینل مائیکل بیلوف اور جان پالسن انابیلے بینٹ پر مشتمل ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین، لندن کے وکیل الیگزینڈروز پینادیز، پی سی بی کے جی ایم لیگل افیئر سلمان نصیر اور وکیل ابراہیم حسین نمائندگی کر رہے ہیں۔