شہباز شریف رانا مشہود کے بیان پر نوٹس لے چکے ہیں، نواز شریف

شہباز شریف رانا مشہود کے بیان پر نوٹس لے چکے ہیں، نواز شریف
کیپشن: میرا ذہن کسی اور کیفیت میں ہے اور آپ مجھ سے سیاسی سوال پوچھ رہے ہیں، نواز شریف۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رانا مشہود کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف سے صحافی نے سوال کیا کہ رانا مشہود کے بیان پر آپ کیا کہیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس پر نوٹس لے چکے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے شعر کی صورت میں ردعمل دیتے ہوئے کہا غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے، بیٹھیں ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے۔

نواز شریف نے صحافیوں کو کہا میرا ذہن کسی اور کیفیت میں ہے اور آپ مجھ سے سیاسی سوال پوچھ رہے ہیں۔صحافی نے سوال کیا رانا مشہود کا بیان پارٹی پالیسی تھی یا کچھ اور جس پر انہوں نے کہا آپ اس بارے میں بہتر جانتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے رانا مشہود نے دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے (ن) لیگ کے معاملات کافی حد تک ٹھیک ہو گئے ہیں اور اداروں کے تِھنک ٹینک کو احساس ہوتا جا رہا ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم کے لیے بہتر چوائس تھے۔