اقوام متحدہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کو ہٹانے کےاقدامات کرے

اقوام متحدہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کو ہٹانے کےاقدامات کرے

ہیگ: عالمی عدالتِ انصاف نے ایران پرعائد امریکی پابندیوں میں سے کچھ پابندیوں کو ہٹانے کا عبوری حکم دے دیا ہے۔   

تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے ایران پر انسانی ضروریات کو پورا کرنے والے اجناس اور سفری پابندیوں کو ہٹانے کا عبوری حکم جاری کردیا ہے۔  یہ حکم نامہ اقوام متحدہ کو جاری کیا گیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ ایران پر عائد ایسی پابندیوں کو ہٹانے کے لیے اقدامات کرے جن کا تعلق بنیادی انسانی حقوق سے ہے اور بالخصوص اجناس کی فراہمی اور سفری پابندیوں کو نرم کرنے کے لیے امریکا کو مجبور کیا جائے۔

ایرانی حکومت نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے  کہا ہے کہ ایران پر عائد تمام پابندیوں کو ہٹایا جانا چاہیے تھا، اقوام متحدہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر جلد از جلد عمل درآمد کرائے، امریکا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

عالمی عدالتِ انصاف نے امریکی پابندیوں کے خلاف فیصلہ تو دے دیا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصلے پر عمل در آمد کرانے کے لیے عالمی عدالت کے پاس اختیارات نہیں اور نہ ہی وہ امریکا کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مجبور کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک سال قبل ایران نے امریکی پابندیوں پر عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرتے ہوئے اقتصادی پابندیوں کو معطل کرنے کی استدعا کی تھی، امریکا نے یہ پابندیاں ایران کے جوہری معاہدے کی توسیع کے عمل سے علیحدہ ہونے کے بعد عائد کی تھیں۔